ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اساتذہ کاتبادلہ:شکشرامتراایپ رواں تعلیمی سال سے جاری: ایڈی یورپا

اساتذہ کاتبادلہ:شکشرامتراایپ رواں تعلیمی سال سے جاری: ایڈی یورپا

Sat, 29 Aug 2020 11:06:15    S.O. News Service

بنگلورو،29؍اگست(ایس او نیوز) رواں تعلیمی سال سے ہی اساتذہ کی تبادلہ کارروائی کا آغاز ”شکشکرامترا“(استاددوست)اپلی کیشن (ایپ)کے ذریعہ کردیاجائے گا۔یہ اعلان ریاستی وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے کیا۔ بروزجمعہ ودھان سودھامیں شکشکرامتراایپ جاری کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی طرف سے تبادلہ کی عرضی اسی ایپ کے ذریعہ حاصل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے معاملہ میں حکومت ہمیشہ سنجیدہ اورجوابدہ رہی ہے،ان کے مطالبات کی تکمیل کے لیے ہرممکن کوشش کرتی رہی ہے۔حکومت یہ نہیں چاہتی کہ اساتذہ اپنے کسی کام کے لیے اسکول سے چھٹی لے، اسکول اورتدریس سے رخصت لے کردفتروں کے چکرکاٹنے سے اساتذہ کوبچانے کی خاطریہ ایپ جاری کیاگیاہے۔اساتذہ کی آسانی کے لیے بجٹ میں کئے گئے اعلان کے مطابق محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے ٹیکنالوجی پرمبنی شکشکرامتراایپ جاری کیاگیاہے۔ اساتذہ کوچاہئے کہ وہ اس ایپ کواپنے موبائل فونوں میں ڈاؤن لوڈکریں اوراپنے اپنے مقامات سے اپنے مسائل حل کرلیں۔ تعلیم سے متعلق اساتذہ،طلبہ،والدین اورعوام کی شکایات ومسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے تیارہیلپ لائن کا نام ہی شکشکرامتراہے۔حکومت کے ای گورننس کے تعاون سے تیاراس ایپ میں اب تک 2.5لاکھ اساتذہ کی تفصیلات اپ لوڈکی گئی ہیں۔ماہ ستمبرکے پہلے ہفتہ سے اساتذہ کی تبادلہ کارروائی کا آغاز ہوگا،اس ایپ کے ذریعہ ہی تبادلہ کارروائی مکمل کی جائے گی۔تبادلہ کے خواہشمند اساتذہ اس ایپ کے ذریعہ عرضی داخل کریں گے، تبادلہ سے متعلق اپ ڈیٹ بذریعہ ایس ایم ایس کیاجائے گا۔مزیدجانکاری کے لیے واٹس ایپ یا ہیلپ لائن نمبرس پررابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔گزشتہ مرتبہ لازمی تبادلہ کئے جانے والے اوراضافی اساتذہ ہونے کی بناتبادلہ چاہنے والے سمیت اس مرتبہ 50سال سے زائدعمروالے اساتذہ کورعایت دی گئی ہے۔اس موقع پروزیربرائے بنیادی وثانوی تعلیم ایس سریش کمارکی تعلیمی کاوشوں پرلکھی گئی مختلف قلمکاروں کے مجموعہ کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ ایڈی یورپا نے سریش کمارکی شخصیت کی آئینہ دارتحریروں پرنیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے مبارکباددی۔انہوں نے کہا کہ سریش کمار نے اساتذہ،طلبہ اورتعلیم سے متعلق بہترین کام کرتے ہوئے عوامی مقبولیت حاصل کی ہے۔اساتذہ کارروائی کوآسان بناکرانہوں نے ایک بہت اچھاکام کیاہے۔ایس ایس ایل سی اورپی یوسی امتحانات کومہاماری کوروناوائرس کے مشکل ایام میں بھی انہوں نے کامیابی سے منعقدکرکے دادتحسین حاصل کی ہے۔ایک وزیرکے طورپر اتنے سارے عوام دوست کام کرتے ہوئے سریش کماردوسرے وزراء کے لئے مثال بن گئے ہیں۔اس موقع پروزیرسریش کماراورمحکمہ تعلیمات عامہ کے دیگرحکام شریک رہے۔

 


Share: